حیدرآباد میں فارابی پر علمی نشست، میناب کے شہید بچوں پر کتاب کی رونمائی
شیعیت نیوز : خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدرآباد کے زیر اہتمام عالم اسلام کے عظیم فلسفی اور معلم ثانی ابو نصر فارابی کی علمی و فکری خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی علمی و ادبی نشست منعقد ہوئی، جس کے اختتام پر امن اور جنگ کے موضوع پر میناب سکول کے شہید بچوں سے متعلق شائع ہونے والی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔
تقریب کا آغاز ایران اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ ایرانی قونصلیٹ جنرل کے ثقافتی اتاشی اور خانہ فرہنگ حیدرآباد کے ڈائریکٹر نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ حیدرآباد میں فارابی کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی باقاعدہ علمی نشست ہے اور فارابی کے افکار آج بھی انسانی معاشرے میں امن، حکمت اور فکری ارتقا کے لیے مشعل راہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جامعۃ المصطفیٰ کراچی میں علامہ طباطبائی کے افکار پر علمی و تحقیقی کانفرنس
ایران سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی جامعہ امام خمینی قزوین کے استاد ڈاکٹر علیرضا حسینی نے فارابی کے فلسفیانہ نظام اور ان کی شہرہ آفاق تصنیف احصاء العلوم کا تعارف پیش کیا، جبکہ جامعہ سندھ جامشورو کے ادارہ سندھ شناسی کے سربراہ ڈاکٹر فیاض لطیف، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے ڈاکٹر احسان دانش، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف سموں اور حجت الاسلام مولانا نذیر رحمانی نے بھی فارابی کی علمی خدمات پر اظہار خیال کیا۔
نشست میں شہر کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات، شعراء، مصنفین اور محققین نے شرکت کی، جن میں سابق پرو وائس چانسلر ڈاکٹر فرمان علی شاہ، اردو لٹریری ایسوسی ایشن کی صدر کنیز فاطمہ اور فاطمیہ فاؤنڈیشن کے آغا اورنگزیب شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر میناب کے شہید بچوں سے متعلق کتاب کے نسخے مہمانوں میں تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء نے مستقبل میں بھی ایسی علمی و فکری نشستوں کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔







