بحرینی علماء کی رہائی کیلئے بغداد اور نجف اشرف میں احتجاجی مظاہرے
شیعیت نیوز : عراق کے مختلف شہروں، بالخصوص دارالحکومت بغداد اور نجف اشرف میں عوام نے بحرین کے شیعہ علماء کے خلاف آل خلیفہ حکومت کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں، جبکہ قید علماء کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
بغداد اور نجف اشرف میں منعقدہ احتجاجی اجتماعات میں علمائے کرام، دینی طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بحرین کے زیر حراست علماء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور بحرینی عوام اور اسیر علماء کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بحرین سے امریکی و سعودی افواج کا انخلا عوامی مطالبہ ہے، بحرینی عالم دین
اسی سلسلے میں تنظیم بقیۃ اللہ الاعظم (عج) کے دستوں نے بھی بحرین کی جیلوں میں قید شیعہ علماء کی حمایت میں احتجاجی اجتماع منعقد کیا اور ان کی رہائی کا مطالبہ دہرایا۔
واضح رہے کہ بحرین کی شیعہ اکثریت برسوں سے آل خلیفہ حکومت کے امتیازی سلوک اور جبر کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ بحرینی علماء اور عوام ملک میں امریکی اور سعودی افواج کی موجودگی کے خاتمے کا مطالبہ بھی کرتے آ رہے ہیں۔







