مینار پاکستان میں جشن میلاد النبی، ایرانی قارئین کی تلاوت نے سماں باندھ دیا
شیعیت نیوز: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی عالمی میلاد کانفرنس 2024 مینارِ پاکستان لاہور کے سرسبز میدان میں منعقد ہوئی۔
محفل میں ایران سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ قارئین قرآن حامد شاکر نژاد، احمد ابوالقاسمی اور حجت الاسلام قاسمیان نے بھی شرکت کی۔ ایران کے معروف قارئین قرآن کی شرکت کا اعلان سن کر بڑی تعداد میں لوگوں نے محفل میں قارئین کو سننے کے لیے شرکت کی۔ نوجوان طبقے کا جوش و خروش قابل دید تھا۔
جشن میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم (ص) سے محبت ہر مومن کا سرمایۂ ایمان ہے، اور تحریکِ منہاجُ القرآن پچھلی چار دہائیوں سے عشقِ مصطفیٰ (ص) کی شمع کو فروزاں کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، آئی اے ای اے سربراہ
مینارِ پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عاشقانِ رسول (ص) کو اپنے دامن میں سمیٹ کر اس بات کا گواہ بنتا ہے کہ یہاں حضور (ص) کی ولادت کا جشن منا کر امتِ مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تازگی بخشتے ہیں، اور پورا سال ان کے دل محبت مصطفیٰ (ص) کی تپش سے دھڑکتے رہتے ہیں۔
جشن میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا کہ میلاد النبی کی محفل میں کوئی اجنبیت محسوس نہیں ہوتی ہے۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر ہفتہ وحدت بین المسلمین مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیتا ہے۔ ہمیں اتحاد بین المسلمین کے سلسلے میں کوششوں کو مزید تیز کرنا چاہیے۔
تحریک منہاج القرآن کے وفد نے کہا کہ ہم عالمی میلاد کانفرنس میں تشریف لانے پر معروف انٹرنیشنل ایرانی قراء قاری حامد شاکر نژاد، قاری غلام رضا قاسمیان، قاری محمد حسین عظیمی خوشرودی، قاری احمد ابو القاسمی، اور قاریہ ثنا و حدیث نظری کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے محفل فاؤنڈیشن ایران کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔







