عمران خان نے افغانستان پر علی امین گنڈا پور کے مؤقف کی حمایت کر دی
شیعیت نیوز : بانیٔ پی ٹی آئی نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان پر علی امین گنڈا پور کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گنڈا پور بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں اور انہیں علی امین کے پاؤں پکڑنے چاہئیں کہ خدا کے واسطے جا کر افغانستان سے بات کریں، کیونکہ بات چیت کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔
بانیٔ پی ٹی آئی سے سوال پوچھا گیا کہ وفاقی حکومت اور دفترِ خارجہ کے ہوتے ہوئے صوبائی حکومت کیسے دوسرے ملک سے براہِ راست بات کرسکتی ہے؟ اس کے جواب میں بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ دفترِ خارجہ کو چھوڑو، خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ بلاول جب وزیرِ خارجہ تھے تو وہ افغانستان تک نہیں گئے۔ خیبر پختونخوا میں پولیس کے کتنے لوگ شہید ہوچکے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار بغاوت پر اترے ہوئے ہیں اور ہر جگہ پولیس احتجاج کر رہی ہے۔ 24 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر دہشت گردی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ملکی معیشت چوک ہو جائے گی۔ جب تک افغانستان سے تعلقات درست نہیں کریں گے، دہشت گردی میں پھنسے رہیں گے۔ پی ٹی آئی کے دور میں سب سے کم دہشت گردی ہوئی۔ اگر کوئی دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس سے تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں : پھانسی کی باتیں نہ کریں کیا اب ایک اور کو مارنا چاہتے ہیں؟سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈا پور ملک کے فائدے کی بات کر رہے ہیں، خدانخواستہ ملک کے خلاف نہیں۔ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔ وفاق خود کہہ رہا ہے کہ کراس بارڈر دہشت گردی ہے تو وفاق نے پھر اب تک کیا کیا؟ علی امین گنڈا پور نے جانے کی بات کی ہے، انہوں نے یہ نہیں کہا کہ جا رہا ہوں، نہ کوئی وقت فکس کیا ہے، وزیرِ اعلیٰ کے پی نے کون سی غلط بات کر دی؟







