نائجیریا میں مسلح افراد کا گاؤں پر دھاوا، 81 افراد ہلاک
شیعیت نیوز : ابوجہ۔ نائجیریا کی ریاست یوبے میں خودکار اسلحہ لیس 50 سے زائد افراد نے ایک گاؤں پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 81 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے مافا گاؤں پر صبح 4 بجے آر پی جی گرینیڈز اور خودکار ہتھیاروں سے لیس درجن سے زائد موٹر سائیکلوں پر 50 افراد نے دھاوا بولا۔
حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور دیہاتی جس جگہ پناہ لے سکتے تھے، اس طرف دوڑ پڑے لیکن انہیں کہیں پناہ نہیں ملی۔ جھاڑیوں اور کھیتوں تک میں لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ حملہ آوروں نے دکانوں اور گھروں کو بھی آگ لگا دی۔
یہ بھی پڑھیں : نائجیریا میں بوکو حرام کے حملے میں تین شیعہ طلاب شہید
متعدد دیہاتی حملے کے بعد سے لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ پناہ کی تلاش میں گاؤں سے باہر نکل گئے اور حملہ آوروں کے ہتھے چڑھ گئے۔ مقامی پولیس نے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں کا تعلق شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے ہے، تاہم بوکو حرام کی جانب سے تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ نائجیریا میں یوبے سمیت تین ریاستوں میں گزشتہ 15 برسوں سے خانہ جنگی جاری ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری ہلاک اور 20 لاکھ سے زائد بے گھر ہو گئے۔







