بھارت اور دیگر بیرونی طاقتیں بلوچستان میں امن نہیں ہونے دیتیں، جاوید قصوری

27 اگست, 2024 19:31

شیعیت نیوز : منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر جاوید قصوری نے جنرل سیکرٹری پنجاب نصراللہ گورائیہ، فاروق چوہان سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں جو سانحہ ہوا، اس میں 50 سے زائد افراد کو ناحق قتل کر دیا گیا جبکہ بھارت اور دیگر بیرونی طاقتیں بلوچستان کو مستحکم نہیں ہونے دے رہیں۔ جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے سانحہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا، جو پہلے بھی ہوتا آیا ہے، لیکن اسے ختم نہیں کیا جا سکا۔ اور سوال کرنا چاہتا ہوں کہ وفاقی حکومت، بلوچستان کی حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کرنا دن دیہاڑے حکومتوں کی ناکامی ہے اور کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پنجاب میں ہر قومی اور زبان کے لوگ رہتے ہیں، آج تک پنجاب میں رنگ، نسل اور زبان کی بنیاد پر کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، لیکن بلوچستان میں ہی کیوں ایسا ہو رہا ہے؟ کیونکہ بلوچستان میں بگڑتے ہوئے حالات میں بھارتی اور دیگر بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ کل 28 اگست کو پنجاب سمیت ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی کیونکہ عام آدمی کے ساتھ ساتھ تاجر اور صنعتکار بھی موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں نوجوانوں کو شناخت کر کے قتل کرنا قابل مذمت ہے، علامہ راجا ناصر

ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ظالمانہ ٹیکسوں کو ختم کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے 14 روزہ اسلام آباد میں دھرنے کے باعث پنجاب میں دو ماہ کے لیے ہی سہی، عوام کو کچھ ریلیف تو ملا ہے، لیکن یہ عارضی ریلیف ہے۔ عوام کو سہولت دینے کا مستقل حل نکالا جائے۔ جبکہ دیگر صوبے بھی بجلی کے بلوں میں کمی کا اعلان کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل ہونے والی ہڑتال سے بھی اگر فرق نہ پڑا تو پھر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔

9:32 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top