ایم ڈبلیو ایم اور ادارہ تبلیغام اسلامی کے زیراہتمام مشہد میں شہید قائد کی برسی کا اہتمام
شیعیت نیوز: رواق دارالرحمہ حرم مطہر رضوی مشہد مقدس میں ادارہ تبلیغات اسلامی، مدیریت زائرین غیر ایرانی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس کے تعاون سے سفیر نور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں علمائے کرام، طلاب عظام، مرد و خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کی ابتدا تلاوت کلام مجید سے کی گئی جس کی سعادت معروف قاری فاضلی نے حاصل کی۔
پروگرام کے پہلے مقرر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے مسئول حجة الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی تھے، جنہوں نے قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی شخصیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے امام راحل خمینی بت شکن کے پیغام کو پاکستان بھر میں جس خوبصورتی اور تندہی سے پہنچایا، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ شہید کی شخصیت ہر لحاظ سے کامل تھی۔ ڈاکٹر شیرازی نے ادارہ تبلیغات، مدیریت زائرین غیر ایرانی اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے مسئولین کا پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی قوم کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ علی اکبر کاظمی
پروگرام کے دوسرے مقرر مجمع جھانی اہل البیت شعبہ مشہد کے مسئول حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ایمانی مقدم تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہید عارف الحسینی ایک معروف انقلابی شخصیت تھے، وہ مکتب امام راحل کے فرزند تھے جنہوں نے امام خمینی رضوان اللہ کی آواز پر لبیک کہا اور امام کی شہادت تک آپ کا ساتھ دیا۔ انہوں نے شہید القدس اسماعیل ہنیہ کو ایک عظیم مجاہد اور لیڈر قرار دیا اور کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا خون ضائع نہیں جائے گا۔ سید محمد موسوی نے اپنی پرسوز آواز میں شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور ترانہ پڑھا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سید قاسم شمسی نے ادا کیے۔







