علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی قوم کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ علی اکبر کاظمی
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر: قائد شہید نے پاکستان کی وحدت کو قائم رکھا، آج ملک دشمن عناصر اور سیکیورٹی فورسز کی خاموشی پر تشویش

شیعیت نیوز: لاہور میں محمدی مسجد گلبرگ میں علامہ شہید عارف حسین الحسینیؒ کی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد شہید کی زندگی کا مطالعہ کرنے سے وطن سے محبت کا علم ہوتا ہے۔ قائد شہید نے اپنی ساری زندگی وطن عزیز پاکستان کی سربلندی اور استحکام کے لیے وقف کی اور ہمیشہ پاکستان کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کو ناکام بنایا اور وحدت کو فروغ دیا۔
علامہ کاظمی نے کہا کہ آج بیرونی اور اندرونی طاقتیں ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر پاکستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پاراچنار میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور سیکیورٹی فورسز خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مہنگائی اور بجلی کے بلوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے، مگر حکمرانوں کی شاہ خرچیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کا اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
علامہ کاظمی نے انتباہ کیا کہ اگر حکومت اور سیکیورٹی ادارے اپنا قبلہ درست نہ کریں تو ملت جعفریہ اپنے حقوق لینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سڑکوں پر نکل آئے تو پاکستان بھر میں صدائے لبیک یا حسینؑ بلند ہوگی اور ملک دشمن عناصر کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔