شہید اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم کا احتجاجی مظاہرہ
شیعیت نیوز: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر آج ملک بھر میں شہید اسماعیل ہنیہ کی مظلومانہ شہادت، مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی اور امریکہ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام جمعہ کے اجتماع کے بعد مسجد و امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی اور اسرائیل مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے تہران میں اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہنیہ نے اپنے مقدس لہو سے فلسطینی تحریک کو جلا بخشی ہے، اسرائیل بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر جارحیت پر اتر آیا ہے اور عالمی قوانین کو روند رہا ہے۔ اسرائیل نے دنیا اسلام کے مظلوم لیڈر اسماعیل ہنیہ کو جس طرح شہید کیا ہے، اس نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ اس بزدلانہ کارروائی سے اسرائیل اپنی غزہ میں شکست و ناکامی پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔
یہ بھی پڑھیں :لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کا اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
مرکزی صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی نے کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت جس مقام پر ہوئی ہے، وہی اصل نقطہ ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اسرائیل اور اس کے سرپرست مسلمانوں میں اختلافات کو بھڑکانا چاہتے ہیں۔ مگر فلسطینی مظلومین کی بصیرت نے دشمن کے تمام مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس بہیمانہ کارروائی سے فلسطینیوں کی حمایت میں مزید اضافہ ہوگا اور تحریک مزاحمت مضبوط ہوگی۔
صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد اسد اللہ چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سفاکیت اپنے آخری دور میں داخل ہو چکی ہے۔ اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے سرخ لائن عبور کر چکا ہے، جو اس کی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور مظلومین عالم کے لیے تقویت کا باعث بنے گا۔







