کراچی، محرم کے دوران سیکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ
شیعیت نیوز : ڈی جی رینجرز کی زیرِ صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں سیکیورٹی کے لیے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
آئی جی سندھ، کمشنر سکھر، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل کمشنرز (کراچی، حیدر آباد)، ایڈیشنل آئی جی کراچی، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، سی آئی اے اور ٹریفک پولیس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈی آئی جی سکھر اور حیدرآباد بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : محرم الحرام میں سندھ کے 143 علماء اور ذاکرین کے بیانات اور سفر پر پابندی عائد
اجلاس کے دوران شہر کی امن وامان کی صورتحال بالخصوص محرم الحرام کے انتظامات اور محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے کیے گئے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں رینجرز اور پولیس کی محرم الحرام کے دوران مشترک فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنانے، مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔







