عدم انصاف کے باعث پوری دنیا طبقاتی نظام کی نذر ہو گئی، علامہ ساجد نقوی

08 جون, 2024 10:49

شیعیت نیوز : سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم تحفظ خوراک پر اپنے پیغام میں کہا: معاشی عدم انصاف کے باعث آج پوری دنیا میں انسانیت طبقاتی نظام کی نذر ہوگئی۔

امیر دولت کے انبار کے ساتھ امیر ترین جبکہ غریب نا مواقف حالات و مساوی مواقع نہ ہونے کے باعث نان شبینہ سے بھی محروم ہے۔

سوشل ازم و کیپٹل ازم دنیا کو معاشی انصاف کی فراہمی میں کامیاب نہ ہوسکے تو دوسری طرف اسی عالمی سیاسی بے انصافی کے نظام نے ایک صیہونی ریاست کو پروان چڑھانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا۔

آج غزہ کی صورتحال اسکی بھیانک تصویر ہے جہاں ایک طرف ہزاروں ٹن بمباری کے بعد اب امدادی سرگرمیوں کی پابندی جیسی چیرہ دستیوں کے ذریعے خوراک کا بحران پیدا کرکے انسانیت کو زندہ درگور کیا جارہاہے ۔

اقوام متحدہ دنیا کے تمام ممالک کا ادارہ ہے، مختلف موضوعات پر عوامی شعور و آگہی کیلئے ایام بھی مختص کئے گئے ہیں البتہ اس طاقتور ادارے کو عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔

یہ بھی پڑھیں : یمنی عوام کی فلسطین کے حق میں شاندار ریلی

غاصب معاشی نظام نے پوری دنیا کو جکڑ رکھا ہے، سوشل ازم اور کیپٹل ازم بظاہر خوشنما نعروں کے ساتھ آئے مگر یہ انسانیت کو معاشی انصاف کی فراہمی یقینی نہ بنا سکے بلکہ انسانیت پہلے سے بھی بدترصورتحال سے دوچار ہوگئی۔

خود اقوام متحدہ کے سابقہ اعدادوشمار کے مطابق 15 فیصد سے زائد دنیا کی آبادی نان شبینہ کو ترستی ہے اس کی بنیادی وجہ یہ غاصبانہ معاشی نظام اور ظالمانہ طرز حکمرانی ہے۔

اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جومساوی بنیادی حقوق و معاشی انصاف اور عادلانہ طرز حکمرانی کاعلمبردار ہے اور جس کا بہترین نمونہ حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب کا دور حکومت ہے جو عدل و انصاف کی رہتی دنیا تک مثال ہے۔

3:25 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top