پاکستان کی اہم خبریں

ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی کے دورہ پاکستان کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری

شیعیت نیوز: پاکستان اور ایران نے آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں، مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام، اقتصادی فری زونز کے ذریعے اور نئی سرحدوں کو کھول کر اپنی دوطرفہ تجارت کو اگلے پانچ سالوں میں 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر سیّد ابراہیم رئیسی کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے مشترکہ سرحد کو ’’امن کی سرحد‘‘سے ’’خوشحالی کی سرحد‘‘میں تبدیل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران میں ہفتہ مزدور کا انعقاد ،رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

ایران کے صدر ڈاکٹر سیّد ابراہیم رئیسی کے دورے کے اختتام پر بدھ کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے ایک طویل مدتی پائیدار اقتصادی شراکت داری اور باہمی تعاون پر مبنی علاقائی اقتصادی اور روابط کے ماڈل خاص طور پر ایران کے سیستان بلوچستان اور پاکستان کے بلوچستان صوبوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور متعدد معاہدوں پر دستخط کئے۔

پاکستان اور ایران نے علمی، ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تاریخی مذہبی مقامات کی سیاحت کو فروغ دے کر دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، منشیات اور انسانی سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور اغوا جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے سیاسی، فوجی اور سکیورٹی حکام کے درمیان باقاعدہ تعاون اور تبادلہ خیال کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button