اسلامی تحریک پاکستان نے یکم جنوری سے شدید احتجاج کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا
شیعیت نیوز: گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت میں اضافے کے خلاف اسلامی تحریک پاکستان نے یکم جنوری سے شدید احتجاج کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا۔ آج بروز اتوار اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے صوبائی رابطہ کمیٹی کے سربراہ شیخ مرزا علی اور سینیئر رہنما اسلامی تحریک پاکستان ورکن گلگت بلتستان اسمبلی محمد ایوب وزیری نے نگر خاص میں مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی اور عوامی تنظیموں کے ذمہ داران سے ملاقات کر کے جی بی میں گندم کی قیمت میں اضافے سے متوقع عوامی مسائل پر تفصیلی گفت و شنید کی۔ اس موقع پر تنظیموں کے ذمہ داران نے یکم جنوری سے اسلامی تحریک پاکستان کے زیر اہتمام گندم کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: 2023 کا آخری دن بھی گزر گیا، لاپتا شیعہ مسلمانوں کے خانوادے سراپا احتجاج
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ مرزا علی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے گندم کی قیمت میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے مگر صوبائی حکومت وفاق کی خوشنودی کے لیے غریب عوام کا معاشی استحصال کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ جی بی میں گندم کی قیمت میں اضافہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے، ایسے فیصلوں کو عوامی طاقت سے روکیں گے۔ اسلامی تحریک پاکستان صوبائی حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ یکم جنوری سے قبل گندم کی قیمت میں اضافے کے نوٹیفکیشن کو واپس لے بصورت دیگر عوامی طاقت کے ذریعے حکومت کو عوام دشمن ٹوٹیفکیشن کو واپس لینے پر مجبور کریں گے۔







