اہم ترین خبریںپاکستان

ایم ڈبلیوایم اور پی ٹی آئی کے قائدین کی اہم بیٹھک، آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پرغور

چیئرمین ایم ڈبلیوایم نے انٹراپارٹی انتخابات کے ذریعے منتخب ہوکر بطور چیئرمین جماعتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارکبادپیش کی ۔

شیعیت نیوز: علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں مجلسِ وحدت مسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد کی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان سے ملاقات ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔

دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے مابین اشتراک اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمت، جرات، استقامت اور ملک میں آئین قانوں کی بالادستی کیلئے بے مثال جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

چیئرمین ایم ڈبلیوایم نے انٹراپارٹی انتخابات کے ذریعے منتخب ہوکر بطور چیئرمین جماعتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارکبادپیش کی ۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملک میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور جمہور کی مرضی اور منشاء کی روشنی میں اقتدار کے پرامن اور مؤثر انتقال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری جبر و فسطائیت کا اب خاتمہ ہونا چاہئے ۔ پرامن سیاسی سرگرمیاں ہر جماعت کا حق ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں شرکت کے یکساں مواقع ہونے چاہئیں ۔

یہ بھی پڑھیں: سابق آرمی چیف جنرل مشرف کا ڈاکٹر عبدالقدیر سے اصل اختلاف کیا تھا، حامد میر کا حیران کن انکشاف

دونوں جماعتوں کے درمیان قومی انتخابات کے التواء اور غیرآئینی وغیرجمہوری اور نگران حکومتوں کے مدتِ کار میں توسیع کی خلافِ دستور کوششوں کی بھرپور قانونی و سیاسی مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔

مجلسِ وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے مابین سیاسی اشتراک کو وسعت دینے کیلئے باہمی مشاورت و روابط برقرار رکھنے پر بھی مکمل اتفاق ہوا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین مجلسِ وحدت مسلمین سید احمد اقبال رضوی، سیکرٹری سیاسیات، اسدعباس نقوی ،سید محسن شہریار سمیت اطلاعات و نشریات کے انچارج مظاہر شگری بھی موجود تھے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button