یہودی عالم یسروئیل فیلڈمین کا اسرائیل سے تمام زمینیں فلسطینیوں کو واپس کرنے کا مطالبہ

شیعیت نیوز: ایک یہودی عالم، استاد اور قانون دان ربی یسروئیل فیلڈمین نے اسرائیل سے تمام زمینیں فلسطینی عوام کو واپس کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
یہودی مذہبی رہنماء ربی یسروئیل فیلڈمین نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ صہیونی یہودیوں کی نمائندگی نہیں کرتے، تمام زمینیں فلسطینی عوام کو واپس کی جائیں، بطور یہودی ہم فلسطینی حکومت کے تحت زیادہ محفوظ رہیں گے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں آسمانی کتاب تورات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہودی کبھی بھی زمین پر ریاست قائم نہیں کرسکتے، تورات اس سے منع کرتی ہے۔
یہودی مذہبی رہنماء ربی یسروئیل فیلڈمین نے مزید کہا کہ صہیونیوں نے آکر تورات کے خلاف اعلانِ جنگ کیا اور تورات کے برعکس مقدس سرزمین پر ایک غیر مذہبی صہیونی ریاست قائم کی۔
یہودی مذہبی رہنماء کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ صہیونیوں کے قبضے میں لی گئی تمام زمینیں فلسطینی عوام کو واپس کی جائیں۔
یہودی مذہبی رہنما ربی یسروئیل فیلڈمین کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل دنیا کے سامنے سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، محمد عبدالسلام
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے صیہونی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کی صورت حال کو انسانی المیہ قرار دیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے ماسکو میں مختلف مذاہب کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں کہا کہ غزہ کے عوام کو دیگر جرائم کا تاوان نہیں ادا کرنا چاہئے۔
انھوں نے پورے سماج کو سزا دینے پر مبنی تل ابیب کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں عام شہریوں منجملہ عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کا نہایت بے دردی سے قتل عام ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اہم مشن یہ ہے کہ قتل عام بند کرانا ہونا چاہئے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے بڑھتے بحران فلسطین سے مغربی ایشیا اور پوری دنیا کے لئے خطرناک نتائج برآمد ہونے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں کفر بکنے اور مسلمانوں کے مقدسات کی توہین کئے جانے پر آنکھیں بند کرلی جاتی ہیں اور بعض ممالک تو نازی جرائم کی سرکاری سطح پر قدردانی بھی کرتے ہیں۔