شام سے مقبوضہ گولان پر میزائل حملہ، صہیونی فورسز کی جوابی کاروائی
شیعیت نیوز: شام کی سرزمین سے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر موجود صہیونی مورچے میزائل حملوں کی زد میں آگئے جس کے جواب میں صہیونی فورسز نے توپ خانے سے شامی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
الجزیرہ نے کہا ہے کہ شام کے علاقوں سے مقبوضہ گولان کے صہیونی زیرقبضہ علاقوں پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فورسز نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے شامی علاقوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا ہے۔
گولان کی پہاڑیوں پر حملے کے بعد صہیونی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شام سے ہونے والے حملوں کا فوری طور پر جواب دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق شامی علاقوں سے مقبوضہ گولان پر 8 میزائل فائر کئے گئے جن میں 7 زمین پر گرے جبکہ ایک کو آئرن ڈوم سسٹم نے فضا میں تباہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : صہیونی حکومت غزہ پر زمینی حملہ ملتوی کرنے پر مجبور، نیویارک ٹائمز
میزائل حملوں کےجواب میں صہیونی فورسز نے شامی شہر درعا میں مختلف مقامات پر حملے کئے۔
مبصرین کے مطابق شام اور لبنان کی سرزمین سے ہونے والے حملے صہیونی حکومت کے لئے پیغام ہیں۔
دراین اثناء عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کے ذریعے صہیونی حکومت کو انتباہ کیا ہے کہ غزہ پر حملے جاری رہنے کی صورت میں مداخلت کی جائے گی۔
دوسری جانب صیہونی حکومت نے اتوار کی صبح ایک فضائی حملے میں شام کے صوبے حلب کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی حکومت کے چیف آف جنرل اسٹاف نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کی سرزمین سے مقبوضہ فلسطین پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے جواب میں، شام کے حلب ایئرپورٹ کو اس حکومت کے فضائی حملے کا نشانہ بنایا گيا ہے۔
اس سے قبل صیہونی حکومت کے ریڈیو نے اطلاع دی تھی کہ شام کی سرزمین سے، مقبوضہ جولان کی جانب ایک میزائل داغا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعرات کو بھی صیہونی حکومت نے دمشق اور حلب کے ہوائی اڈوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ان دونوں ہوائی اڈوں کے رن وے کو نقصان پہنچا تھا۔