روسی صدر نے جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کا موقف امریکی صدر تک پہنچا دیا، کریملن کا اعلان
ولادیمیر پیوٹن
شیعیت نیوز : روسی ایوان صدر کریملن نے اعلان کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ معاہدے سے متعلق ایران کا موقف اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ تک پہنچا دیا ہے۔ کریملن کے مطابق صدر پیوٹن نے جمعے کے روز امریکی صدر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہیں تہران کے موقف سے آگاہ کیا، تاہم اس گفتگو کی تفصیلات یا ٹرمپ کے ردعمل کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدرِ کی آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی کی عیادت
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ہفتے کے روز کہا کہ ایرانی صدر کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت صدر پیوٹن نے تنازع کے ممکنہ تصفیے کے حوالے سے ایرانی فریق کا نقطہ نظر ٹرمپ تک پہنچایا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے صدر پیوٹن نے ترکمانستان میں ایک علاقائی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی تھی، جس میں روسی صدر نے جنگ کے خاتمے پر منتج ہونے والے تصفیے کے لیے ثالثی کی آمادگی ظاہر کی تھی۔
یاد رہے کہ امریکہ اور غاصب اسرائیل کی جانب سے فروری میں ایران پر مسلط کردہ جنگ کے بعد بھڑکنے والے اس تنازع کو سات ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، جبکہ جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں موسم گرما سے تعطل کا شکار ہیں۔







