سعودی عرب

سعودی عرب کی جانب سے برکس میں شمولیت کی دعوت کا خیرمقدم

شیعیت نیوز: سعودی عرب نے برکس میں شمولیت کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ برکس میں شمولیت کی تفصیلات کا جائزہ لے کر گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کریں گے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ دنیا کی اُبھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس میں شمولیت کی دعوت کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برکس معاشی تعاون مضبوط بنانے کے لیے فائدہ مند اور اہم چینل ہے۔

برکس میں شمولیت کی تفصیلات کا جائزہ لیں گے اور یکم جنوری سے پہلے شمولیت کا مناسب فیصلہ کریں گے۔ برکس گروپ نے آج 6 نئے ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ایران، مصر، ارجنٹائن اور ایتھوپیا کو گروپ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

نئے ممالک کی شمولیت یکم جنوری 2024ء سے نافذ العمل ہوگی، برکس برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل تنظیم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کا تجارتی حجم ریکارڈ توڑ رہا، برکس کی رکنیت ایک انتخابی پالیسی تھی، ایرانی صدر

دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے جنوبی افریقہ میں بریکس سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر سے ملاقات اور دو طرفہ امور پر بات چیت کی۔

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے جنوبی افریقہ کے صدر سیریل رامافوزا کی دعوت پر 15 ویں بریکس پلس سربراہی اجلاس میں سیاسی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔

مذکورہ اجلاس 70 ممالک کے رہنماؤں کی موجودگی میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہورہا ہے۔ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اس سربراہی اجلاس میں شرکت اور تقریر کے علاوہ وہاں موجود متعدد ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات اور گفتگو بھی کریں گے۔

سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات سے پہلے ایران کے صدر نے اپنے چینی ہم منصب شی جین پینگ سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔

ایران کے صدر کے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ایران باضابطہ طور پر بریکس گروپ کا رکن بن گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button