سعودی عرب کا امارات کو 24 گھنٹے میں یمن سے نکلنے کا الٹی میٹم، عرب لیگ نے فائل بند کر دی
شیعیت نیوز : سعودی سرکاری ٹی وی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سال کے اختتام سے ایک دن قبل عرب لیگ نے یمن میں امارات سے متعلق فائل بند کر دی ہے، جس کے بعد اتحاد کی جانب سے امارات نواز مسلح گروہوں کے زیر کنٹرول علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں امارات کے اقدامات کو انتہائی خطرناک اور عرب لیگ کے دائرہ کار سے باہر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اماراتی فوجی دستے 24 گھنٹوں کے اندر یمن سے نکل جائیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یمن کے اندرونی فریقوں کو دی جانے والی تمام فوجی اور مالی امداد فوری طور پر بند کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی جوہری دھمکیاں عالمی ادارے کی ساکھ اور اعتماد کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ایران کا آئی اے ای اے کو خط
ادھر یورپی یونین نے مشرقی یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یورپی یونین کے ترجمان نے کہا ہے کہ حضرموت اور المہرہ سمیت مشرقی صوبوں کی موجودہ صورتحال سے خلیج فارس کے پورے خطے کے لیے نئے خطرات جنم لے رہے ہیں۔
ترجمان نے فریقین سے کشیدگی میں کمی اور ایسے اقدامات سے گریز کا مطالبہ کیا جو یمن اور خطے کے استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں، جبکہ یمن کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے یورپی یونین کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔







