شیعہ علماء کونسل کے وفد کی ایرانی قائم مقام قونصل جنرل علی رضا استواری سے ملاقات

25 اگست, 2023 10:21

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل علی رضا استواری سے ملاقات کی اور انہیں اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے نائب صدر علامہ سید محمد رضا اخلاقی کی سربراہی میں ایک وفد نے قائم مقام قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ علی رضا استواری سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے چہلم سیدالشہداء کے موقع پر پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین کو درپیش مشکلات کا تذکرہ کیا۔

وفد نے زائرین کی سہولت کیلئے کانوائی کے پہنچنے پر تفتان میں ایرانی ایمیگریشن 24 گھنٹے فعال رکھنے کی استدعا کی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی درخواست کی گئی کہ عراق کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران بھی چہلم اور چہل ہشتم کے موقع پر ویزہ فیس فری کرے۔

ایرانی قائم مقام قونصل جنرل نے وفد سے کہا کہ ان کی گزارشات پر غور کریں گے۔

شیعہ علماء کونسل صوبہ بلوچستان کے وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری سید اعجاز حسین، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید جان شاہ افضلی، ضلعی صدر کربلائی جواد حسین اور الزیشان کاروان کے مالک کربلائی رحیم شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں ’’فکر حسینی کانفرنس‘‘ کا انعقاد

دوسری جانب شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ بزرگ عالم دین مفسر قرآن و حدیث، محقق، مناظر اسلام اور مجتہد العصر آیت اللہ محمد حسین نجفی رحمتہ اللہ علیہ کی وفات سے عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ ان کے بعد نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کی علمی حلقوں میں اندھیرا دکھائی دیتا ہے۔ ان کے ہم پلہ علمی، قومی اور مذہبی شخصیت نظر نہیں آتی۔ وہ توحید، نبوت اور امامت کے مبلغ اور مناظر تھے۔ ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ آپ کی دینی علمی اور قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی وحدت کیلئے آپ کا کردار سر فہرست رہا۔ وہ ملی قیادت کے ہمیشہ پاسدار اور ساتھی رہے۔

آیت اللہ محمد حسین نجفی بین المذاہب اور بین المسالک اتحاد کے داعی تھے۔ عربی، فارسی اور اردو پر عبور رکھتے تھے۔ ان کی تصنیف کردہ کتابیں قومی و ملی رہنمائی کا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ آج عالم اسلام بالخصوص ہر صاحب ایمان پاکستانی ان کی وفات پر افسردہ ہے۔

10:19 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top