سعودی عرب

سعودی عرب نے ایران کیساتھ دوطرفہ تعلقات کی توسیع کا عزم کر رکھا ہے، فیصل بن فرحان

شیعیت نیوز: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ریاض میں اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان اور ان کے اعلی سطحی وفد کی میزبانی کے بعد اپنے ایرانی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے جس میں انہوں نے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے پر مبنی سعودی عرب کے عزم پر زور دیا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں، اپنے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ آج کی گفتگو میں ہم نے دو طرفہ و کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا اور میں نے جناب حسین امیر عبداللہیان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور انہیں زیادہ سے زیادہ توسیع دینے کے لئے پرعزم ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے ریاض میں ایکسپو 2030ء نمائش کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری آج کی ملاقات دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو وسعت دینے سمیت علاقائی سلامتی کے لئے انجام پانے والی ماضی کی کوششوں کا تسلسل ہے جس میں ہم نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے، جو دونوں ممالک و اقوام کے مفاد میں ہے، پر عملدرآمد کے لئے سچے ارادے اور سنجیدہ عزم پر تاکید کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ساڑھے تین گھنٹوں کی نشست انتہائی موثر رہی، حسین امیر عبداللہیان

فیصل بن فرحان نے تاکید کی کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ معاہدے کی شقوں پر عملدرآمد کے لئے ایران و سعودی عرب کے سفارتی مشنز نے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں اور تہران و ریاض میں سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیروں کی سفارتی سرگرمیاں بھی دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی ترقی و توسیع اور مضبوطی کے عین مطابق ہیں۔

سعودی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ میں نے اپنے ایرانی ہم منصب ساتھ ملاقات میں سابقہ ​​معاہدوں بالخصوص اقتصادی و سکیورٹی مسائل سے متعلق باہمی معاہدوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی دونوں وزارتوں کے درمیان باہمی گفتگو و مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ملک سعودی شاہ سلمان کی دعوت پر صدر ایران آیت اللہ رئیسی کے دورہ ریاض کا منتظر ہے۔

اپنی گفتگو کے آخر میں سعودی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر اپنے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کیا اور ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اپنے ملک کے عزم بالجزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں ایک نیا باب کھولنے کی توقع رکھتے ہیں جس میں استوار ہونے والے باہمی تعلقات اسلامی بھائی چارے اور انجام پانے والی مشترکہ کوششیں، مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کے اصول پر مبنی ہوں گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button