لاہور ہائی کورٹ نے عزاداران امام حسینؑ کے حق میں بڑا فیصلہ دے دیا
شیعیت نیوز: لاہور ہائی کورٹ نے عزادارن امام حسینؑ کے حق میں بڑا فیصلہ دے دیا۔پولیس اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کی جانب سے خواتین کے عشرہ مجالس کی اجازت نا دینےکو غیر آئینی اقدام قراردے دیا۔آئین کا آرٹیکل 20 مذہبی آزادی دیتا ہے، درخواست گذار خاتون بانی عزا سیدہ کنیز حسن کو آزادانہ مجلس عزا کے انعقاد کی عدالتی اجازت مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست گزارخاتون سیدہ کنیز حسن نے پچھلے سال عشرہ محرم الحرام منعقد کروایا تو متعلقہ پولیس نے درخواست گزار پر بغیر اجازت مجلس و عشرہ محرم الحرام منعقد کرنے پر مقدمہ درج کر دیا۔
اس سال2023 میں درخواست گزار نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے پاس مجلس و عشرہ کے لیے درخواست دی جسے ڈپٹی کمشنر نے خارج کرتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
درخواست گزار نے ڈپٹی کمشنر کے آرڈر کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا..
جس پر معزز جسٹس شمس محمود مرزا نے سرکار (سرکاری وکیل) سے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت آپ یہ مجلس و عشرہ نہیں ہونے دے رہے..
جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ اس خاتون پر پچھلے سال بھی مجلس کروانے کی وجہ سے مقدمہ درج ہوا..
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے عزادارن امام حسینؑ کے حق میں بڑا فیصلہ دے دیا
دوسرا یہ کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے ایک پالیسی بنا رکھی ہے کہ جس مجلس کے بارے میں ماضی میں کوئی تاریخ نہ ملتی ہو ایسی کوئی نئی مجلس منعقد نہیں ہو سکتی، جو مجالس ماضی میں چلتی آرہی ہیں وہی ہو سکتی ہیں نئی مجالس یہ عزا کے پروگرام نہیں ہو سکتے.
جس پر جج صاحب نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 20 تمام شہریوں کو اپنے مذہب کی ترویج، تبلیغ اور اشاعت کا بنیادی حق دیتا ہے.
ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائی گئی کوئی بھی ایسی پالیسی جو شہریوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہو کبھی قابل قبول نہیں ہوسکتی، اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری کئے گئے آرڈر میں ایسی کسی پالیسی کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی درخواست گزار کو منع کرنے کی کوئی معقول وجہ بیان کی گئی ہے۔
لہذا تمام حالات واقعات کومد نظر رکھتے ہوئے درخواست گزار کے موقف کو تسلیم کر لیا گیا اور اسے بغیر کسی لائسینس اور اجازت کے عشرہ محرم الحرام منعقد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
امید ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے اس واضح اور دوٹوک فیصلے کے بعد اب آئندہ کوئی ریاستی ادارہ یا شخصیت ملک کے کسی کونے میں بھی ذکر نواسہ رسولؐ امام حسینؑ کو روکنےکیلئے کسی اوچھے ہتھکنڈے کا استعمال نہیں کرے گی۔








