محرم الحرام کی آمد پر پشاور سمیت خیبرپختونخواہ میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات کا ہونا، انتہائی تشویشناک امر ہے،علامہ جہانزیب جعفری
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد پر پشاور سمیت خیبرپختونخواہ میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات کا ہونا، انتہائی تشویشناک امر ہے، ضلع خیبر اور حیات آباد دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمّت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، جس سے محرم الحرام سمیت ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان سے دراندازی کو کسی صورت میں بھی روکا جائے کیونکہ وہاں دہشتگردوں کی محفوظ پناگاہیں ہیں، جن کی وجہ سے ملکی سیکورٹی کو لاحق خطرات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، کئی جوان شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے لئے سخت اقدامات ضروری ہیں۔تاکہ شہدائے کربلا و امام حسین علیہ السلام کی یاد میں جاری مجالس و محافل عزاء میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ ہم دن رات ڈیوٹیاں دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔تمام پاکستانیوں سے سیکورٹی کے معاملات پر پولیس اور دیگر اداروں سےتعاون کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام میں سندھ کے 137 علما کرام اور ذاکرین کی تقاریر اور سفر پر پابندی عائد
علامہ جہانزیب جعفری نے مطالبہ کیا مجالس و جلوسوں میں انتظامیہ تعاون کرے کسی طرح مجلس اور جلوس سے عزاداروں کو نہ روکا جائے۔ اور بلا جواز ایف آئی آرز سے اجتناب کیا جائے۔







