اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں

شیعیت نیوز: وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک افغان سرحد پر مامور فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی، پارہ چنار آمد پر آرمی چیف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فوج کے جذبے، عسکری تیاری اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں، تاکہ مادر وطن کی سرحدوں کی بہادری سے حفاظت کرنے والے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اور جذبوں کو خراج تحسین پیش کروں، پاک فوج کے جوان اپنے آرام و سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ فوجی جوان موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں، جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے، عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو، افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طور پر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں، ہم آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوم عرفہ ،سفیر امام حسینؑ حضرت مسلم بن عقیل ؑ کا روز شہادت، ملک بھرمیں دعائیہ و عزاداری کےاجتماعات کا انعقاد

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں، امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کیلئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا، اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کیلئے قوم میں تقسیم اور دراڑ پیدا کرنا چاہتے تھے، شہداء پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، اُن کی عزت و حرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے، وزیراعظم نے شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button