اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

بارڈر مارکیٹ کے قیام اور نئی ٹرانسمیشن لائن سے پاک ایران دوستی مضبوط ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ملاقات میں سی پیک کے حوالے سے مثبت تجاویز پیش کی ہیں، ہمارے درمیان مفید اور مثبت بات چیت ہوئی ہے اور اس پر عمل درآمد کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے

شیعیت نیوز: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، ایران کے صدر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، شمسی توانائی اورمعیشت کے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، بارڈر مارکیٹ کے قیام اور نئی ٹرانسمیشن لائن سے پاک ایران دوستی مضبوط ہوگی، باہمی تجارت میں اضافہ ہوگا اور یہ منصوبے دونوں ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک ایران سرحد پر عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مفیداور تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، دونوں اطراف سے سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ اس امر کابرملا اظہار کیا گیا کہ دونوں برادر اور اسلامک ممالک تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور معیشت کی دوسرے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے، آزادانہ تجارت کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، یہ طے پایا ہے کہ ایران سے بجلی کی ترسیل میں بڑی گنجائش ہے اس میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی تجویز پر ایرانی صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شمسی توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو تیزی سے فروغ دیا جائے گا کیونکہ اس میں بڑی گنجائش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے مکمل تیار ہیں، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ملاقات میں سی پیک کے حوالے سے مثبت تجاویز پیش کی ہیں، ہمارے درمیان مفید اور مثبت بات چیت ہوئی ہے اور اس پر عمل درآمد کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج مند۔پشین ۔ بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا ہے، اس منصوبے سے دونوں ممالک میں تجارت بڑھے گی، ملحقہ علاقوں میں ترقی اور خوشحالی آئے گی، یہاں تجارتی مراکز بنیں گے، جن کے ذریعے تجارت ہوا کرے گی، یہ وہ اہداف ہیں جن کے لئے ایران اور پاکستان مل کر اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کا پیغام لا سکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شمسی توانائی کے شعبے میں تعاون کے لئے ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے، آج پاکستان اور ایران کے لئے بڑا دن ہے، گوادر کے لئے 100 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کے لئے ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ تاخیر کا شکار تھا، موجودہ حکومت نے اسے تیزی سے مکمل کیا ہے اور ایران کے صدر نے اس میں ذاتی دلچسپی لی ہے، بجلی کے ٹیرف کو بھی باہمی رضامندی سے طے کرلیا گیا ہے، پاک ایران دوستی کے حوالے سے یہ منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اس سے دونوں ممالک کی دوستی مضبوط ہوگی اور یہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button