سعودی عرب

منافع بخش تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا منصوبہ

شیعیت نیوز: سعودی عرب کی جانب سے دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں کوئی بھی نیا معاہدہ حالیہ برسوں میں دنیا کے سب سے بڑے حصص کی فروخت میں سے ایک ہوگا۔

اس معاملے سے آگاہ ذرائع نے نام ظاہرنہ کرنےکی شرط پربتایا کہ سعودی عرب متعدد مشیروں کے ساتھ مل کر ریاض ایکسچینج کے ذریعے تیل کمپنی آرامکو کے نئے حصص کے قابل فروخت ہونے کا جائزہ لے رہا ہے اور حکام آنے والے ہفتوں میں اس بارے میں کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آیا آگے بڑھنا ہے یانہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنوری 2021 میں کہا تھا کہ حکومت مستقبل میں سرکاری تیل کمپنی کے مزید حصص فروخت کرنے پر غور کرے گی، جس سے حاصل ہونے والی رقم مملکت کے خود مختار دولت فنڈ میں منتقل کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت پیشرفت کرتی ہے تو آرامکو کے دوسرے حصص کی پیشکش اسی سال میں ہوسکتی ہے، تاہم اس کے بارے میں کوئی حتمی وقت طے نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : یوم نکبت کی مناسبت سے ایرانی صدر کا پیغام

اگر حکومت آرامکو کے صرف ایک فیصد حصص کی پیشکش بھی کرتی ہے تو اس سے سعودی عرب 20 ارب ڈالر سے زیادہ رقم جمع کرنے میں کامیاب ہوجائےگا، سعودی حکومت آرامکو کے تقریباً 90 فی صد حصص کی براہ راست مالک ہے جب کہ مزید 8 فیصد اس کے خودمختار دولت فنڈ کے پاس ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب میں سوشل میڈیا قوانین کی خلاف ورزی پر خاتون یو ٹیوبر کو گرفتار کرلیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے سمعی و بصری ابلاغ کے ادارے نے خاتون یو ٹیوبر کو امر بالمعروف و نہی عن المنکر ادارے کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا۔ خاتون یوٹیوبر کا کیس پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خاتون یوٹیوبر نے نے ادارہ امر بالمعروف کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلائیں جس پر عوامی ردعمل آیا اور معاشرے کے اقدار اور اصولوں پر بھی سوال اٹھا۔

خاتون نے جو کیا وہ سوشل میڈیا سے متعلق طے شدہ لائحہ عمل کی خلاف ورزی ہے۔ خاتون یوٹیوبر کو طلب کرکے ان کا بیان لیا گیا تھا اور سوشل میڈیا قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر انہیں قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button