اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

مسجد اقصیٰ پر قابض اسرائیل کی جنگ ناکامی سے دوچار ہوگی، الشیخ رائد صلاح

شیعیت نیوز: مقبوضہ فلسطین کے اندرونی علاقوں میں اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ رائد صلاح نے زوردے کر کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے خلاف قابض اسرائیلی ریاست  کی مسلط کردہ جنگ تباہ ہو جائے گی اور ناکام ہوگی۔

ایک پریس بیان میں الشیخ رائد صلاح نے مسجد اقصیٰ مبارک کی زمانی اور مکانی تقسیم کو بچگانہ خواب قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ باب الرحمت نمازگاہ  پر ہاتھ رکھنے اور مسجد اقصیٰ کی قیمت پر مبینہ ہیکل کی تعمیر کی قابض فوج کی کوششیں ناکام ہوں گی، جس طرح مسجد اقصیٰ  کے خلاف جنگ میں تمام سابقہ کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔

الشیخ رائد صلاح نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کے ساتھ کیے گئے عہد کو برقرار رکھیں اور اس کی طرف رخت سفر باندھیں۔

باب الرحمہ صحن کو اسرائیلی قابض ریاست اور انتہاپسند ہیکل گروپس کی طرف سے مسلسل خطرات کا سامنا ہے جو مسجد اقصیٰ کے اندر قدم جمانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ اسے یہودی بنانا شروع کر دیں اور اسے گرا کر اپنا مبینہ ہیکل قائم کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطین میں تیسرا انتفاضہ شروع ہوسکتا ہے، پیپلز لبریشن فرنٹ فلسطین

دوسری جانب اسلامی جہاد کے سرکردہ رہنما الشیخ خضر عدنان کی اسرائیلی جیل میں مسلسل بھوک ہڑتال کو 86 روز ہوچکے ہیں جس کے بعد ان کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔

دوسری طرف صہیونی جیلر موت و حیات کی کشمکش سےدوچار فلسطینی رہنما کی رہائی سے مسلسل انکاری ہیں اور اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں۔

اسلامی جہاد تحریک نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگراسرائیلی جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے رہنما خضر عدنان کی زندگی کو نقصان پہنچا تو اسرائیل کو اس کی قیمت چکانا ہوگی۔

اسلامی جہاد نے اسرائیل سے خضر عدنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے جو اس وقت کئی ہفتوں کی مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے زندگی موت کی کشمکش میں ہیں۔

اسلامی جہاد نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اگربھوک ہڑتال کی وجہ سے خضر عدنان کی زندگی چلی جاتی ہے تو یہ اسرائیل کے ہاتھوں سوچا سمجھا قتل تصور ہوگا اور اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری صہیونی ریاست پر عائد ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button