صیہونی ظلم و جبر سے فلسطینی استقامت کمزور نہیں طاقتور ہوتی ہے، سعید نخلہ

شیعیت نیوز: ناجائز صیہونی حکومت کے ظلم و جبر کا تسلسل فلسطینی مزاحمت کے کمزور ہونے کا نہیں بلکہ اس کے مزید طاقتور ہونے کا باعث ہے، یہ بات فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کے ایک سینیئر رہنما سعید نخلہ نے کہی ہے۔
سترہ برس سے زائد عرصے تک صیہونی جیلوں میں قید رہنے والے جہاد اسلامی فلسطین کے ایک سینیئر رہنما سعید نخلہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکام کی پالیسی فلسطینیوں کے قتل عام، ان کی گرفتاری، سرکوبی، انہیں ان کے گھروں سے بے دخل کرنے، ان کی سرزمینوں پر ناجائز بستیاں بنانے اور ان کی املاک کو ہڑپنے پر مبنی ہے اور فلسطینیوں کے خلاف اس ناجائز حکومت کے جرائم میں جتنی شدت آئے گی اتنا ہی فلسطینی مزاحمت کی آگ شعلہ ور ہوگی اور اسے اتنی ہی مضبوطی ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں داعش کے سرغنہ ابو الحسین القریشی کو ہلاک کر دیا، ترکی کا دعویٰ
سعید نخلہ نے مزید کہا کہ صیہونی غاصب مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے میں سرگرم مزاحمتی تنظیموں کے کارکنوں بالخصوص جہاد اسلامی کے سرگرم اراکین کے قتل یا ان کی گرفتاری کی پالیسی پر گامزن ہیں اور وہ اپنے ان اقدامات سے فلسطینی مزاحمت و استقامت کی آواز کو دبانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت اگر چاہتی ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے کمانڈروں کو نشانہ بنا کر انہیں راستے سے ہٹا دیں گے، تو یہ اس کی بھول ہے، اور وہ انہیں استقامتی مشن کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتی کیوں کہ وہ اس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ فلسطین کی مکمل آزادی تک انہیں اپنے مشن پر گامزن رہنے کی ضرورت ہے۔