وزیراعظم شہباز شریف کا ایران کے نئے رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو خط

11 مارچ, 2026 11:20

شیعیت نیوز : وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نئے رہبرِ معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد اور ان کے والد کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے رہبرِ معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھا ہے جس میں ان کے والد اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور انہیں سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ایران کے برادر عوام اور وسیع تر اُمتِ مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی طرف سے تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر حملے کے لیے استعمال ہونے والا ہر فوجی اڈہ جائز ہدف ہوگا، ایرانی صدر

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام شدید دکھ میں ہیں اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے اس اہم ذمہ داری کو سنبھالنے پر ایران کے رہبرِ معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت آنے والے برسوں میں امن، استحکام، وقار اور خوش حالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اپنے خط میں وزیراعظم نے ایران کے رہبرِ معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے بھی دعا کی ہے۔

12:45 شام مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔