امریکا کا ایران مخالف منصوبہ ناکام ہو چکا، مشرقِ وسطیٰ سے امریکی فوجیوں کا انخلا ضروری ہے: لیاقت بلوچ
شیعیت نیوز : نائب امیر جماعتِ اسلامی اور سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا کا عرب ممالک کو ایران کے خلاف لڑانے اور وینزویلا کی طرح ایرانی تیل تنصیبات پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چُور ہو گیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں سے خطے کو خالی کرایا جائے۔ لیاقت بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ ہیں جبکہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے سنگین جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی شہادت نے عالمِ اسلام کو نئی بیداری، ایران کے عوام کو اتحاد و یکجہتی کا نیا جذبہ اور امریکا و اسرائیل کو دنیا بھر میں بڑی ذلت و رسوائی سے دوچار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی یک محوری طاقت کو اب کوئی تسلیم نہیں کر رہا۔ اسپین اور سوئٹزرلینڈ سمیت بیشتر یورپی ممالک نے ایران پر امریکی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے غرور نے پوری دنیا کو توانائی بحران سے دوچار کر دیا ہے جبکہ ایرانی تباہ کن میزائل حملوں نے ایک بار پھر امریکا و اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کا ایران کے نئے رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو خط
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکا کے اپنے اتحادی برطانیہ جیسے ممالک بھی یہ کہہ اٹھے ہیں کہ ٹرمپ کا وینزویلا ماڈل آپریشن ایران میں ناکام ہو گیا ہے۔ امریکا فوجیوں کی لاشیں دیکھ کر ٹرمپ بوکھلا گئے ہیں۔ خلیجی ممالک سے دنیا بھر کو تیل و گیس کی ترسیل بند ہونے کے خدشات نے خطرناک عالمی توانائی بحران کو جنم دیا ہے اور ٹرمپ جنگ ختم کرنے کے بیانات دینے پر مجبور ہوئے ہیں۔ امریکا کا عرب ممالک کو ایران کے خلاف لڑانے اور وینزویلا کی طرح ایرانی تیل تنصیبات پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے۔ عرب ممالک امریکی اڈوں کی سلامتی کی قیمت اپنی معیشت کی تباہی کی صورت میں چکا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی فوجیوں سے خطے کو خالی کرایا جائے۔ امریکا ناجائز اسرائیلی ریاست کی سرپرستی سے ہاتھ کھینچ لے ورنہ تباہی اور موت اس کا مقدر بنے گی۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاک۔افغان کشیدگی بھی دراصل خطے میں امریکا، اسرائیل اور انڈیا کے ناپاک سازشی منصوبے کا حصہ ہے۔ افغان طالبان قیادت کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور تسلیم کرے کہ خطے میں پاکستان، ایران اور افغانستان کے تعلقات ناگزیر ہیں۔ امریکا، انڈیا اور اسرائیل خطے کے تینوں ممالک سمیت عالمِ اسلام کے اسٹریٹیجک دشمن ہیں اور افغان طالبان قیادت کو چاہیے کہ وہ انڈیا جیسے شاطر اور اسلام دشمن ملک کے اثر و رسوخ سے باہر آئے۔







