اہم ترین خبریںپاکستان

ضرورت مندوں کی مدد کے وقت حادثات سے بچنے کیلئے آسان انداز اختیار کیا جائے، علامہ شبیر میثمی

علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی دل دہلانے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت، لواحقین کیلئے صبر کی تلقین اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کراچی کے صنعتی ایریا سائٹ میں نورس چورنگی کے قریب پیش آنے والا المناک واقعہ، جس میں مفت راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں سمیت 9 خواتین پیروں تلے کچل کر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی بے ہوش ہوئے، پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات اللہ کی رضا میں زکوٰة یا مفت راشن تقسیم کرتے ہیں، ان کا مقصد کسی کی جان لینا نہیں بلکہ غربا کی امداد کر نا ہے، اگر راشن تقسیم کرنے والے فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر راشن تقسیم کرنا مقصود تھا تو حفاظتی انتظامات بھی اسی طرز کے ہونا چاہیے تھے اور انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا جانا ضروری تھا تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے راشن تقسیم کرنے والی انتظامیہ کی جانب سے ضرورت مندوں کو سہولت کے ساتھ ان کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے سمیت تقسیم کاری کے طریقہ کو بھی آسان اور محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دفتر خارجہ جواب دے! گرین پاسپورٹ پر پاکستانی شہری اسرائیل کیسے پہنچا؟ شیریں مزاری

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب ضرورت مندوں کو بھی چاہیے کہ ماہ رمضان المبارک میں راشن کے حصول کیلئے حوصلہ و صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کا احترام لازم ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دعا گو ہیں کہ ’اے اللہ ہمیں ضرورت مندوں کی صحیح طریقے سے مدد کرنے کی توفیق دے جس سے انہیں تکلیف نہ ہو۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی دل دہلانے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت، لواحقین کیلئے صبر کی تلقین اور زخمیوں کے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button