صیہونیوں کے مقابلے میں ہر فلسطینی کو مسلح کیا جائے گا، جہاد اسلامی فلسطین

شیعیت نیوز: جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے خفیہ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے اطراف واقع صیہونی کالونیوں میں رہنے والے غاصب آبادکاروں کو مسلح کئے جانے کا عمل شروع ہوچکا ہے اور انہیں مختلف نوعیت کی آٹومیٹک گنیں اور بھاری مقدار میں گولہ بارود دئے جا رہے ہیں اور خصوصی ٹریننگ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بن گویر کے اس منصوبے کا واحد جواب، فلسطینی عوام کا مسلح ہونا اور ان تمام فلسطینیوں کو ہتھیار فراہم کرنا ہے جو اسے چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
صیہونی وزیر داخلہ ایتمار بن گویر کے اس منصوبے کے مقابلے میں کہ جس کے تحت تمام صیہونی آبادکاروں کو مسلح کیا جانا ہے، جہاد اسلامی فلسطین نے تمام فلسطینیوں کو مسلح کرنے کا منصوبہ پیش کردیا ہے۔
پورا فلسطین صیہونیوں کے لئے میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ فلسطینی غاصب فوجیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور اب صیہونی فوجیوں اور آبادکاروں کو روزانہ متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
المیادین نیوز چینل نے خبر دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے جب عسکرالقدیم نام کے فلسطینی کیمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو انہیں استقامتی گروہوں سے وابستہ مجاہدوں کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور فلسطینی جوانوں نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔ یہ کیمپ غرب اردن کے شہر نابلس کے قریب واقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی ولیعہد بن سلمان نے کی تہران ریاض سمجھوتے میں چین کے کردار کی قدردانی
رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوجیوں نے اس دوران سولہ سال کے ایک نوجوان کو اغوا کرلیا۔ اس کے علاوہ نابلس کے المقبرہ الشرقیہ کے علاقے میں بھی صیہونی فوجیوں نے ایک انیس سالہ فلسطینی نوجوان کو گرفتار اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
عینی شاہدوں کے مطابق، جب صیہونی فوجیوں نے بیت ریما شہر پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو فلسطینیوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
نبی صالح قصبے میں بھی صیہونیوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے انہیں علاقے سے فرار کرنے پر مجبور کردیا گیا ۔ بتایا جا رہا ہے کہ غرب اردن میں حالات صیہونیوں کے قابو سے باہر ہو چکے ہیں اور غاصب افواج کو ہر جارحانہ اقدام کا فوری اور منہ توڑ جواب مل رہا ہے جس سے صیہونی حکام اور غاصب آبادکاروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
دریں اثنا فلسطین انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صیہونیوں کو پندرہ بار نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، فلسطینی استقامتی محاذ سے وابستہ جوانوں نے غاصب فوجیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی اور دھماکہ خیز مادوں سے نشانہ بنایا ۔
بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں، مقبوضہ بیت المقدس، الخلیل، رام اللہ، نابلس، بیت لحم، سلفیت اور طولکرم میں انجام دی گئی ہیں ۔
سالم، الجلمہ، دوتان اور شاکید نام کی صیہونی کالونی میں واقع صیہونی فوج کی چیک پوسٹوں کو بھی گولیوں سے نشانہ بنایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بن گویر نیتن یاہو کی کابینہ کے رکن اور اپنی انتہاپسندی، نسل پرستی اور فلسطینیوں سے دشمنی کے لئے مشہور ہیں ۔ انہوں نے ایک مسودہ پیش کیا ہے کہ جس کے تحت تمام صیہونی غاصبوں کو ہتھیار فراہم کئے جائیں گے۔