حماس کے اعلیٰ سطحی وفد کی سید حسن نصرالله سے ملاقات

شیعیت نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک حماس کے اعلیٰ سطحی وفد نے حزب الله لبنان کے سربراہ سید حسن نصر الله سے ملاقات کی۔
دونوں فریقین نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ حماس کے اعلیٰ سطحی وفد کی سربراہی شعبہ سیاسیات کے معاون صالح العاروی نے کی۔
اس ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال بالخصوص مغربی کنارے اور مقبوضہ قدس میں فلسطینیوں کی شجاعانہ مقاومت پر مشاورت کی گئی۔ اس کے علاوہ صیہونی حکومت کے داخلی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں دونوں فریقین نے خطے کی سیاسی صورت حال اور موجودہ منظر نامے میں مقاومت کی اساسی و کلیدی ذمے داریوں کا تذکرہ کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں انجام پائی، جب گذشتہ روز حزب الله کے شعبہ تعلقات عامہ نے جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ کی وفد کے ہمراہ سید حسن نصر الله سے ملاقات کی خبر دی۔
جہاد اسلامی کے وفد نے سید حسن نصر الله سے مقاومت فلسطین کو درپیش علاقائی چیلنجز اور اسرائیل کے مقابلے میں مقاومتی مرکز کی مضبوطی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
طرفین نے حزب الله اور جہاد اسلامی کے درمیان مشاورت و ہم آہنگی جاری رہنے کی جانب زور دیا۔
انہوں نے فلسطین بھر میں صیہونی ریاست اور فوج کے خلاف فلسطینی عوام اور مجاہدین کی قربانیوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے صوبے غور میں دھماکہ، 6 ہلاکتیں
دوسری جانب القدس میں تحریک حماس کے ترجمان نے صہیونی غاصب حکومت کو مسجد الاقصیٰ پر کسی بھی حملے کے خلاف خبردار کیا ہے۔
العہد کی رپورٹ کے مطابق بیت المقدس میں تحریک حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت مسجد الاقصیٰ اور بیت المقدس میں مذہبی جنگ شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی ماہ رمضان سے خوفزدہ ہیں اور شہر قدس کو اپنے قبضے میں لینے اور اسے فوجی چھاؤنی میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کبھی بھی صہیونی حکومت کو مسجد الاقصیٰ کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اس مسجد پر کوئی بھی حملہ بجلی کی چمک کی مانند ہوگا جو کسی بھی لمحے پھٹ سکتا ہے۔