شام کے فوجیوں نے النصرہ کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا
شیعیت نیوز: شام کے شمال مغربی علاقوں سے شام کے فوجیوں اور دہشت گردوں کی شدید جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ دوسری طرف شامی صدر بشارالاسد اپنی اہلیہ اسما الاسد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔
اسپتنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ان جھڑپوں میں تحریر الشام یا جبہہ النصرہ کے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
دہشت گرد عناصر ادلب کے جنوبی مضافات میں واقع شام کی فوج کے ایک مرکز میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے جب شام کے فوجیوں نے انہیں گھیر لیا۔
ایک باخبر ذریعے نے بتایا ہے کہ شام کے فوجیوں نے اسی وقت حملہ آور دہشت گردوں کے حمایتی دستے کو بھی توپ خانوں سے نشانہ بنایا اور ان پر راکٹ برسائے۔
یہ بھی پڑھیں : شرم الشیخ کانفرنس میں شرکت کا مطلب صیہونی جرائم کو قبول کرنا ہے، جہاد اسلامی
بتایا گیا ہے کہ تحریر الشام یا جبہہ النصرہ سے وابستہ آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرکے حملے کو مکمل طور پر ناکام کردیا گیا۔
واضح رہے کہ تحریر الشام وہی جبہۃ النصرہ دہشت گرد گروہ ہے جسے ترکی اور امریکہ کی جانب سے مکمل حمایت حاصل ہے۔ یہ عناصر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وقفے وقفے سے شام کی فوج کے ٹھکانوں کے علاوہ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
دوسری جانب شام کے صدر بشارالاسد نے اتوار کو ابوظہبی میں اپنے اماراتی ہم منصب شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں توپوں کی سلامی بھی دی گئی جب کہ ایک قافلے کی شکل میں شاہی محل پہنچایا گیا۔
بشارالاسد کا جہاز اماراتی فضائی حدود میں پہنچا تو ان کے جہاز کا استقبال اماراتی لڑاکا طیاروں کے ذریعے کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات اور شام کے درمیان امن مذاکرات گزشتہ ماہ عمان میں ہوئے تھے۔ بشارالاسد امارات کے اس دورے سے قبل ماسکو میں صدر پوٹن سے بھی مل چکے ہیں۔







