الریان ایئرپورٹ پر سعودی فوجی سازوسامان نشانے پر، یمنی مسلح افواج

22 اکتوبر, 2026 06:16

شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے صوبہ حضرموت کے شہر المکلا میں واقع الریان ہوائی اڈے پر اس فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا ہے جسے سعودی دشمن نے فوجی مال بردار طیاروں کے ذریعے وہاں منتقل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : العلم کیمپ پر یمنی حملہ، سعودی افسران سمیت درجنوں ہلاک و زخمی، یحییٰ سریع

یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے کہا کہ سعودی مجرم دشمن یمنی عوام کو قتل کرنے کے لیے اسلحہ اور فوجی سازوسامان منتقل کرنے کی غرض سے الریان ہوائی اڈے کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے سعودی رجیم کو خبردار کیا کہ وہ شہری تنصیبات کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے باز رہے، ورنہ اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

یمنی مسلح افواج نے واضح کیا کہ شہری تنصیبات کو فوجی اڈوں میں تبدیل کرنا عام شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالتا ہے اور ان تنصیبات کو یمن کے خلاف جاری فوجی جارحیت کا حصہ بنا دیتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری سعودی دشمن پر عائد ہوگی۔

دوسری جانب حضرموت کے گورنر لقمان باراس نے الریان بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سعودی فوجی استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یمن کی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے کو شہری پروازوں کے لیے بند کر کے فوجی اڈے میں تبدیل کرنے سے ہزاروں شہری، خصوصاً مریض اور طلبہ، بنیادی سفری اور طبی سہولیات سے محروم ہو گئے ہیں، جو اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔

گورنر حضرموت نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوائی اڈے کے فوجی استعمال کی مذمت کریں اور شہری پروازوں کی بحالی کے لیے دباؤ ڈالیں، جبکہ انہوں نے حضرموت کے عوام، قبائلی عمائدین اور سماجی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ صوبے میں سعودی فوجی موجودگی کو مسترد کریں۔

7:12 صبح اکتوبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔