ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا
شیعیت نیوز: صوبائی کابینہ و ضلعی صدور مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کا آن لائن اجلاس منعقد کیا گیا، جس کے دو سیشن رکھے گئے، جس میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ تنظیم سازی اور یونٹ سازی کی اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اس صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا اور تمام ضلعی صدور کو ہدایت دی گئی کہ اس ماہ میں تنظیم سازی پر کام مکمل کر کے صوبہ کو رپورٹ پیش کریں، تنظیم سازی میں ضلع ایبٹ آباد اور ہری پور کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اس دوران صوبہ میں ہونے والے آئندہ الیکشن کے حوالے سے جائزہ لیا گیا، جس میں صوبائی سیاسی سیل کے مسئول ثاقب بنگش نے رپورٹ پیش کی۔ صوبائی صدر علامہ جہنزیب علی جعفری نے ہدایت کی کہ صوبائی کونسل کی جلد از جلد تشکیل کی جائے اور آئندہ ہفتہ میں دورہ جات کر کے پشاور میں سیاسی کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:دہشت گرد کراچی پولیس آفس میں کیسے داخل ہوئے؟ حقائق سامنے آگئے
صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر ساجدی نے صوبہ میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر رپورٹ پیش کی، جوکہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ہوگی، جس کی منظوری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین نے بھی دی ہے۔ کابینہ کے ارکان کو آئندہ آن لائن شوری اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کیلئے تجاویز اور طریقہ کار طے کرنے کو کہا گیا، جس کا ایجنڈا صوبہ میں سیاسی صورتحال، دہشتگردی کے بڑھتے واقعات، فرقہ ورانہ مسائل ہوگا۔ یہ کانفرنس آئندہ ماہ پشاور میں منعقد کی جائے گی، جس کے لیے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، آخر میں ملکی سلامتی کے لیے دعا کی گئی جس کے ساتھ اجلاس کا اختتام کیا گیا۔







