راس تنورہ، ابقیق اور رابغ سمیت سعودی عرب میں چھ بڑی کارروائیاں، یمنی مسلح افواج
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ سعودی جارحیت اور حالیہ قتل عام کے جواب میں، جن میں درجنوں عام شہری شہید و زخمی ہوئے جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی تھی، سعودی عرب کے اندر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے چھ بڑی فوجی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے جمعرات کی شب ٹیلی ویژن بیان میں بتایا کہ پہلی کارروائی میں بیلسٹک میزائل سے راس تنورہ ریفائنری کو ٹھیک نشانہ بنایا گیا، دوسری میں ابقیق میں آرامکو تنصیبات، تیسری میں میزائلوں کی بوچھاڑ سے ریاض کے شاہ خالد ایئرپورٹ اور چوتھی میں ڈرون سے دمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا جس سے وہاں فضائی آمدورفت متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : مشرقی سعودی عرب اور نجران پر یمنی میزائل و ڈرون حملے، خطرے کے سائرن گونج اٹھے
ترجمان کے مطابق پانچویں کارروائی میں بیلسٹک میزائل سے رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا جبکہ چھٹی کارروائی میں نجران میں سعودی فوجی اجتماعات کے کمانڈ ہیڈکوارٹر کو ہدف بنایا گیا جس میں فوجی، افسران اور دیگر اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔
یمنی مسلح افواج نے ملک کے دفاع اور سعودی سرزمین کے اندر کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ محاصرے کے بدلے محاصرہ اور کشیدگی کے بدلے کشیدگی کی مساوات برقرار رہے گی اور جارحیت ختم ہونے اور محاصرہ اٹھنے تک سعودی فوجی اجتماعات کو نشانہ بنایا جاتا رہے گا، واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک یمن پر سعودی فضائی حملوں کی تعداد 3596 تک پہنچ چکی ہے۔







