فلسطین کے نئے صدر کی تلاش، صدر میکرون نے خفیہ ایجنسی کو ٹاسک دیدیا، فرانسیسی اخبار
شیعیت نیوز: فرانس کے اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ایمانوئیل میکرون نے فلسطین کے نئے صدر کی تلاش کیلئے خفیہ ایجنسی اور سفارت کاروں کو ٹاسک دے دیا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین مذاکرات میں موجودہ تعطل کو مدنظر رکھتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس کے جانشین کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اخبار لی فگارو میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق 87 سالہ فلسطینی صدر محمود عباس اپنی شکست کے پیش نظر ملک میں کسی بھی قسم کے انتخابات نہیں کروانا چاہتے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرانس کے صدر نے یروشلم میں تعینات ملک کے 5 موجودہ اور سابقہ قونصل جنرلز، تل ابیب میں تعینات 5 موجودہ اور سابق سفیر اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ایکسٹرنل سکیورٹی کے 5 موجودہ اور سابق عہدیداران کو فلسطین کے نئے صدر کیلئے دو، دو نام تجویز کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب، کنگ عبد العزیز اسپتال میں آگ لگ گئی
ایک سفارت کار نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ فلسطین پر پیرس کا کوئی اختیار نہیں ہے، اس مسئلے پر واشنگٹن کے ساتھ رابطہ کرنا ہوگا, لیکن امریکہ فرانس کی مدد میں دلچسپی نہیں لے گا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ایمانوئیل میکرون دو ریاستی حل کیلئے پرعزم ہیں, لیکن موجودہ کشیدگی میں یہ حل غیر حقیقی نظر آتا ہے۔
دوسری جانب امریکہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار دو فوجی ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ اور جمعرات کی شب بلیک ہاوک ماڈل کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر ریاست آلاباما کے ایک ہائی وے پر جا گرا جس کے نتیجے میں اُس میں سوار دو افراد ہلاک ہو گئے جو ٹینیسے نیشنل گارڈ سے تعلق رکھتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر ہائی وے پر گرنے کے بعد دھماکے سے پھٹ پڑا اور اُس کے بعد وہ مکمل طور پر لقمہ آتش بن گیا۔
اس سے قبل نیز آپاچے ماڈل کا ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر اِسی ریاست کے ٹاکیٹنا علاقے میں گرا تھا جس کے باعث اُس میں سوار فوجی زخمی ہو گئے تھے۔







