بشار الاسد کی الحشد الشعبی کے سربراہ ابو فدک المحمدوی سے ملاقات
شیعیت نیوز: خبر رساں ذرائع نے حلب میں حشد الشعبی کے چیف آف اسٹاف ابو فدک المحمدوی سے بشار اسد کی ملاقات کی اطلاع دی۔
شام کے صدر بشار اسد جو کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے حلب شہر گئے ہیں، نے عراق کی حشد الشعبی کے سربراہ ابو فدک المحمدوی سے ملاقات کی۔
ابو فدک المحمدوی عراقی امدادی ٹیم کے سربراہ کے طور پر شام کے زلزلہ زدہ علاقوں میں گئے ہیں۔
دوسری طرف نیوز ایجنسیز نے خبر دی ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد نے حلب کے ایک اسپتال کا دورہ کیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (SANA) نے صدر بشار الاسد اور ان کی اہلیہ اسماء اسد کے حلب یونیورسٹی ہسپتال کے دورے کی تصاویر شائع کیں۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی شامی زلزلہ زدگان کے لیے سب سے بڑی امدادی مہم میں حصہ لینے کی اپیل
دوسری جانب شامی صدر کی خصوصی مشیر بثینہ شعبان نے کہا ہے کہ دمشق، زلزلہ متاثرین کے لئے مختلف ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی ہر طرح کی مثبت اور کارآمد کوششوں اور امداد کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ شام کو زلزلہ متاثرین کے لئے ہر قسم کی امداد کی ضرورت ہے اور ہمیں اس امداد کا شدّت سے انتظار ہے۔ بثینہ شعبان نے کہا کہ شام کو بہت سے ملکوں سے امداد ملی ہے جبکہ مغربی ممالک دعویٰ کر رہے ہیں کہ امداد کی فراہمی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔
انھوں نے کہا کہ انسان دوستانہ امداد پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی اور تباہ کن زلزلے کی بنا پر شام کو اس وقت ایک المیے کا سامنا ہے۔
پیر کی صبح ایک بڑے زلزلے نے جنوبی ترکی اور شمالی شام کو ہلا کر رکھ دیا۔ صبح 4 بج کر 17 منٹ پر ریکٹر اسکیل پر 7.8 شدت کے اس زلزلے کے دوران کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا، ریسکیو اور سرچ ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
دنیا کے کئی ممالک نے ترکی اور شام کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔







