ہم زلزلہ زدگان کی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، النجباء عراق
شیعیت نیوز: عراق کی مقاومتی تحریک النجباء عراق کے ترجمان اور پولیٹکل کونسل کے سربراہ نے اپنے الگ الگ پیغام میں ترکی اور شام میں زلزلہ متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زلزلہ زدگان کو امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
النجباء عراق کے ترجمان نصر الشَمَّری نے عراقی و شامی عوام کے درمیان خون کے رشتے کا حوالہ دیتے ہوئے انسانی امداد کی فراہمی کو ایک اخلاقی، انسانی اور اسلامی فریضہ قرار دیا۔
انہوں نے امدادی سامان بھیجنے پر عراقی حکومت اور حشد الشعبی کے اقدام کو سراہا۔ ترجمان النجباء نے عراقی عوام سے اُن کی سخاوت اور شجاعت کا تذکرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دوست اور ہمسایہ ملک کی مدد کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصرعباس کا ترکی اور شام کے سربراہان مملکت کے نام تعزیتی پیغام، زلزلے کی تباہ کاریوں پرملت پاکستان کی جانب سے اظہار افسوس
دوسری جانب عراق کی مقاومتی تحریک النجباء کے پولیٹکل سیکرٹری شیخ علی الاسدی نے زلزلے کے ناخوشگوار واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لئے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور گمشدہ افراد کی سلامتی کے لیے صحت یابی کی دعا کی۔
اس کے علاوہ شیخ علی الاسدی نے حشد الشعبی اور حکومت عراق کا شکریہ ادا کیا اور اس امر کی جانب زور دیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں شامی عوام کے لئے مدد اور امدادی کاموں میں سستی نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سوموار کی صبح ترکی اور شام میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کا مرکز ترکی تھا۔ اس کے علاوہ اس زلزلے کی زد میں مغربی ایشیاء اور مشرقی بحیرہ احمر کے زیادہ تر علاقے بھی آئے۔
زلزلہ پیما مراکز کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ زلزلہ ترکی اور شام کی سرحد اور ترکی کے شہر ’’غازی آنتپ‘‘ سے 26 کلومیٹر شمال مشرق میں آیا۔
رپورٹس کے مطابق، یہ زلزلہ ترکی، شام، لبنان، فلسطین، عراق، اُردن، مصر، سعودی عرب میں آیا، اس کے علاوہ یوکرائن اور یونان، بلغاریہ جیسے یورپ کے دیگر ممالک بھی اس کی زد میں آئے۔