یمن میں جارحیت چلانے والے سعودی افسران کے نام بے نقاب، یمنی مسلح افواج
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج نے انکشاف کیا ہے کہ یمنی عوام کے خلاف جنگ سعودی افسران چلا رہے ہیں جو مقبوضہ صوبوں میں تمام فوجی بھرتیوں اور آپریشنل مراکز کی نگرانی کر رہے ہیں، اور اعلان کیا ہے کہ ان کے پاس ان فورسز کی تمام تفصیلات موجود ہیں اور انہیں مسلسل تعاقب اور نشانہ بنایا جائے گا۔
ترجمان یمنی مسلح افواج بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع کی جانب سے جاری بریفنگ کے مطابق سعودی افسر فہد بن حمد السلمان نام نہاد جوائنٹ فورسز کمانڈ چلا رہا ہے اور یمن میں موجود تمام سعودی افسران کی نگرانی کرتا ہے، جبکہ علی عاید بن علی مطر الحارثی یمن کے اندر نام نہاد سپورٹ فورس کا سربراہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 24 گھنٹوں میں یمن پر 93 سعودی فضائی و میزائل حملے، 14 شہری شہید، یحییٰ سریع
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نام نہاد شرورہ فورس عبداللہ بن فہد السہلی کی کمان میں یمن کے اندر کئی آپریشنل اڈے چلا رہی ہے جن میں عدن، شبوہ کا مرہ کیمپ، مارب، المہرہ اور حضرموت کے اڈے شامل ہیں، جبکہ سقطریٰ میں جوائنٹ ٹاسک فورس 808 سعید الغامدی کی کمان میں ہے، اور ان افسران کے بارے میں مزید تفصیلات میڈیا رپورٹس میں سامنے لائی جائیں گی۔
یمنی مسلح افواج نے سعودی رجیم کے دھوکے میں آنے والے یمنی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سعودی دشمن کے کمانڈروں کا ساتھ نہ دیں تاکہ وہ ان کی جنگ کا ایندھن نہ بنیں، اور شہریوں کو خبردار کیا کہ سعودی کیمپوں اور فوجی اجتماعات کے قریب نہ جائیں کیونکہ وہ یمنی افواج کے فوجی اہداف ہیں۔







