اسماعیل ہنیہ کی عقبہ جبر کیمپ میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی سخت مذمت
شیعیت نیوز: حماس کے سیاسی امور کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اریحا کے عقبہ جبر پناہ گزین کیمپ میں منظم ہلاکتیں اسرائیلی غاصب ریاست کے لیے تباہی ثابت ہوں گی۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی مداخلتیں فلسطینی عوام کی انقلابی لہر کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
پیر کے روز ایک بیان میں، ہنیہ نے اریحا کے عقبہ جبر پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی قتلِ عام کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی عوام اپنے شہداء کا بدلہ لیں گے اور قابض ریاست کو سکون نصیب نہیں ہو گا۔
حماس کے رہنما نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حماس کے القسام بریگیڈ اور دیگر دھڑوں کے مزاحمتی جنگجو قابض ریاست کے خلاف اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جب تک کہ اسے ان کی سرزمین سے نکال باہر نہیں کیا جاتا۔
یہ بھی پڑھیں : غرب اردن میں 15 مزاحمتی کارروائیاں، یہودی آباد کار اور اسرائیلی فوجی زخمی
انہوں نے مزید کہا کہ عقبہ جبر کے ہیروز بہادری سے لڑے یہاں تک کہ وہ اپنی سرزمین اور مقدس مقامات کے دفاع میں شہید ہو گئے۔
یاد رہے، عقبہ جبر کیمپ میں اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ مسلح جھڑپوں میں آج صبح کے وقت سات مزاحمتی جنگجو شہید کر دیے گئے۔ چھاپوں کے دوران متعدد شہری زخمی اور گرفتار بھی ہوئے۔
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے پیر کے روز ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے بعد اپنی جانب سے ترک صدر سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے قدرتی آفت کی اس مشکل گھڑی میں حماس اور پوری فلسطینی قوم برادر ترک قوم کے ساتھ کھڑی ہیں۔
انہوں نے مشکل کے وقت میں ترک قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تباہ شدہ علاقوں میں امدادی اداروں کی ہرممکن مدد کا اعلان کیا۔ انہوں نے عالمی برادری اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ ترکی میں آنے والے زلزلے کے بعد ترک عوام اور حکومت کی مدد کریں اور انہیں اس مشکل سے نکالنے میں ان کا ساتھ دیں۔







