نابلس : حوارہ چوکی پر اسرائیلی گولی سے فلسطینی نوجوان عبداللہ قلالوہ کی شہادت
شیعیت نیوز: اسرائیلی قابض فوج نےکل (جمعہ کی) سہ پہر نابلس کے جنوب میں واقع حوارہ چوکی پر ایک فلسطینی نوجوان عبداللہ قلالوہ کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
فلسطینی انجمن ہلالِ احمر نے تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان عبداللہ قلالوہ کا جسدِ اطہر حوالے کر دیا ہے جسے حوارہ چوکی پر گولی لگی تھی۔
عبرانی ذرائعِ ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے نابلس کے قریب ایک فوجی کی بندوق چھیننے کی کوشش کرنے پر فلسطینی نوجوان عبداللہ قلالوہ کو گولی ماری ہے۔
2023 کے آغاز سے تاحال اسرائیلی ظالموں نے کم از کم 35 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔ یہ سلسلہ شدید ہوتا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بیت المقدس میں محافظ نے گرجا گھر پر یہودی دہشت گرد کا حملہ ناکام بنا دیا
دوسری جانب فلسطین انفارمیشن سینٹر "معطی” نے جنوری کے مہینے کے دوران مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی قابض فوج کی 3,532 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ میں جنوری کے مہینے کو مغربی کنارے میں 2015ء کے بعد سب سے زیادہ خونریز قرار دیا گیا۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کو موصول ہونے والی ایک رپورٹ میں ’’معطی‘‘ نے 8 بچوں اور ایک بزرگ خاتون سمیت 35 شہداء کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ جب کہ قابض اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کی فائرنگ سے 342 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے زیادہ ترکا تعلق جنین سے تھا۔ جنین میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 568 گرفتاریاں شامل ہیں۔ جب کہ تین فلسطینیوں کو اغوا کیا گیا۔
معطی کی رپورٹ کے مطابق آباد کار گروپوں نے آباد کاری کی 17 سرگرمیاں کیں، جن میں زمینوں پر قبضہ کرنے، ان پر بلڈوزر چلانے، سڑکوں کی تعمیر اور سیٹلمنٹ یونٹس کی تعمیر کی منظوری جیسی کارروائیاں شامل ہیں۔ اس دوران یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں فلسطینیوں پر 319 حملے کیے تھے۔
اسرائیلی فوج اور آباد کاروں نے فلسطینیوں کی 290 املاک کو تباہ کر دیا، جن میں دکانیں، زرعی سہولیات، بیرکیں اور دیگراملاک شامل ہیں، جبکہ 40 املاک کو ضبط کر لیا۔
معطی مرکز نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے 40 مکانات کی مسماری کی نشاندہی کی۔ اس کے علاوہ درجنوں ایسے گھروں کو بھی مسمار کیا گیا جن کے مکینوں کو مسمار کرنے کی اطلاع دی گئی تھی، جب کہ اسرائیلی فوج نے 154 بار ں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔
فلسطین میں مقدس مقامات پر29 حملے کیے گئے، عبادت گاہوں اور مقدسات کی بے حرمتی کی گئی، 38 سڑکوں اور علاقوں میں فلسطینیوں کا داخلہ روکا گیا۔ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف حصوں میں 511 عارضی اور مستقل رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔







