میانوالی، تھانہ مکڑوال پرتکفیری دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا
شیعیت نیوز: پنجاب کے ضلع میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر تکفیری دہشت گردوں کا حملہ تھانے کے عملے نے ناکام بنا دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی محمد نوید تھانہ مکڑوال پہنچ گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانے کے محرر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حملہ ناکام بنانے پر اہلکاروں کو شاباش دی۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور دھماکہ قابل مذمت اور قومی سانحہ ہے، علامہ ریاض حسین نجفی
نجی ٹی وی کے مطابق 20 سے 25 دہشت گردوں نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال کو گھیر کر شدید فائرنگ شروع کردی، پولیس کے جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے فائرنگ کی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہوکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے تاہم وہ پہاڑوں پر چڑھ کر پولیس اسٹیشن پر فائرنگ جاری رکھی اور پولیس فورس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ واضح رہے کہ عیسیٰ خیل کا علاقہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سرحد سے متصل ہے اور تھانہ مکڑوال سے 10 سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر کے پی کے شروع ہوجاتا ہے۔







