دنیا

پشاور دہشت گردی کے ذمہ داروں اور سرپرستوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، اقوام متحدہ

شیعیت نیوز: پاکستان کے شہر پشاور میں دہشت گردی کے بھیانک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خود کش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس انتہائی گھنائونے اور بزدلانہ جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

15 رکنی سلامتی کونسل کے جنوری کے لئے صدر جاپان کے سفیر اشی کانے کیمی ہیرو کی طرف سے جاری بیان میں سانحہ متاثرین کے لواحقین اور حکومت پاکستان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سلامتی کونسل کے نزدیک دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی صورت میں ہو، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے سنگین ترین خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی عوام ہی اسلامی انقلاب کے ستون ہیں، اسپیکر باقر قالیباف

بیان میں کہا گیا کہ اس سانحہ کے ذمہ داروں ، اس کے لئے مالی معاونت اور سرپرستی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔

بیان میں تمام ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اس معاملے میں پاکستان کی حکومت اور متعلقہ حکام کی مدد و معاونت کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کی کارروائیاں، خواہ ان کا کوئی بھی مقصد ہو اور وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں اور انہیں جس نے بھی انجام دیا ہو مجرمانہ کارروائیاں ہیں اور ان کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، تمام ریاستیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون بشمول حقوق انسانی کے بین الاقوامی قانون، مہاجرین کے بین الاقوامی قانون اور انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی قانون کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button