
شیعیت نیوز : ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کی جانب سے جزائرِ غرب الہند اور لاطینی امریکہ میں فوجی مداخلت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے تناؤ پیدا کرنے والے اقدامات، خصوصاً وینزویلا کے خلاف حالیہ فوجی سرگرمیاں، خطے میں امن کو متاثر کر رہی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کی قانون شکنی اور یکطرفہ جارحانہ پالیسیوں کے عالمی سطح پر امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے ہمیشہ عسکری سطح پر فلسطین کا ساتھ دیا، جہاد اسلامی فلسطین
انہوں نے امریکہ کی جانب سے ماہی گیری کی کشتیوں پر حملوں اور وینزویلا کی قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکیوں کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
بقائی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خطرناک صورتحال پر فوری توجہ دیں، جو امریکہ کی جانب سے وینزویلا جیسے آزاد اور اقوام متحدہ کے رکن ملک کے داخلی معاملات میں غیر قانونی مداخلت کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے۔