شام میں انسانی بحران کا سبب مغربی پابندیاں ہیں، ویسیلی نینریا

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں روس کے نمائندے ویسیلی نینریا نے دمشق کے خلاف مغرب کی ظالمانہ پابندیوں کو شام میں انسانی بحران کا حقیقی سبب قرار دیا ہے۔
انہوں نے سکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "مغربی ممالک شام کی عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی باتیں کرتے ہیں جبکہ سختی سے اپنے ہی ایک افسوسناک اقدام کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں جو یکطرفہ مجرمانہ پابندیاں ہیں جنہوں نے شام کے عام شہریوں کو شدید دھچکہ پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی شام کے خلاف پابندیاں اس ملک میں انسانی صورتحال خراب ہونے کی اصل وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یعنی دراصل مغربی ممالک جان بوجھ کر شام میں انسانی بحران پیدا کر رہے ہیں اور اس ملک کے حالات معمول پر نہیں آنے دیتے اور اس کی قانونی حکومت کے اقدامات کو بے حیثیت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پابندیاں ایرانی قوم کے پختہ عزم کے خلاف بے اثر ہیں، صدر رئیسی
سکیورٹی کونسل میں روس کے نمائندے ویسیلی نینریا نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جانب سے روس کے خلاف عدالت تشکیل دینے کی خواہش بے معنی اور بیہودہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرینی حکام کے ذہن سے تمسخر آمیز منصوبے باہر نکلتے ہیں۔
یاد رہے پیر کے دن اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ترکی کے ذریعے شام مخالف گروہوں کو امداد فراہم کرنے کی قرارداد میں 10 جولائی 2023ء تک مزید توسیع کر دی ہے۔
روس کا خیال ہے کہ یہ طویل المیعاد اقدامات شام کی خودمختاری اور ملکی سالمیت کے خلاف ہیں۔
ماسکو اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ شام میں ہر قسم کی امداد وہاں کی مرکزی حکومت کی زیر نگرانی اور اسی کے ذریعے انجام پانی چاہئے۔
یاد رہے اقوام متحدہ نے 2014ء میں شام میں سکیورٹی بحران ایجاد ہونے کے بعد ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں مسلح عناصر کے زیر کنٹرول علاقوں تک امدادرسانی کو قانونی قرار دیا تھا۔