نصف امریکی عوام فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے حامی: رائٹرز سروے
شیعیت نیوز: بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، حالیہ عوامی سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ نصف سے زائد امریکی شہری چاہتے ہیں کہ واشنگٹن ریاستِ فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے۔
رائٹرز کے چھ روزہ سروے کے مطابق، 59 فیصد امریکی شہریوں نے فلسطین کو تسلیم کرنے کی حمایت کی، 33 فیصد نے مخالفت کی، جبکہ باقی افراد نے کوئی واضح رائے نہیں دی۔
نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 80 فیصد ڈیموکریٹس اور 41 فیصد ریپبلکنز اس موقف کے حامی ہیں کہ امریکہ کو فلسطین کو تسلیم کر لینا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق، یہ رائے عامہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے واضح طور پر متصادم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں نیا سیکیورٹی بحران: داعشی جولانی رژیم کے ڈھانچے پر سوالات
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریباً 60 فیصد امریکی شہریوں کا ماننا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جانے والی کارروائیاں حد سے زیادہ ہیں، جب کہ 30 فیصد نے اس رائے سے اختلاف کیا۔
سروے میں مزید کہا گیا کہ 51 فیصد امریکی شہریوں کا خیال ہے کہ اگر ٹرمپ مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں کامیاب ہوتے تو انہیں سراہا جانا چاہیے، جب کہ 42 فیصد نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں کئی ممالک نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کیا ہے، جس پر اسرائیل نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اسرائیل کے قیام کے نتیجے میں 1948 میں لاکھوں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور دہائیوں پر محیط تنازع نے خطے میں بدامنی کو جنم دیا۔







