روسی حملوں میں 130سے زائد غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت
شیعیت نیوز: روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ دونتسک میں یوکرینی فوج میں شامل غیر ملکی فوجیوں کے ٹھکانوں پر روسی حملوں میں ایک سو تیس سے زائد یوکرین کے آلہ کار غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کونا شنکوف نے اعلان کیا ہے کہ خارکیف میں یوکرینی فوج کے خلاف روسی فوج کی کارروائی میں چالیس سے زائد فوجی اہلکارہلاک، اور تین بکتر بند گاڑیاں اور فوجی ٹرک تباہ ہوئے ہیں۔
اس ترجمان نے کہا کہ یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی کے آغاز سے اب تک روسی فوج یوکرین کے دو ہزار آٹھ سو سے زائد ڈرون طیارے تباہ کر چکی ہے۔
کونا شنکوف نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک روسی حملوں میں یوکرین کے تین سو پچپن جنگی طیارے، ایک سو نننانوے ہیلی کاپٹر، دو ہزار آٹھ سو سات ڈرون طیارے، تین سو نننانوے دفاعی سسٹم، سات ہزار تین سو بیاسی ٹینک، سیکڑوں فوجی و جنگی نیز بکتر بند گاڑیاں، نو سو سڑسٹھ راکٹ لانچر، تین ہزار سات سو اڑسٹھ توپ اور مارٹر ہتھیار اور سات ہزار نو سو خصوصی فوجی گاڑیاں تباہ کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے چپہ چپہ کو آزاد کرایا جائے گا، چیئرمین مہدی المشاط
دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ ہم نے یوکرین میں امریکی میزائل سسٹم کو تباہ کر دیا۔
روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی یوکرین میں دو امریکی ساختہ ہیمارس میزائل سسٹم کو تباہ کر دیا گیا ہے جو مبینہ طور پر کیف پر کل کے میزائل حملے میں استعمال ہوئے تھے ۔
روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ دو امریکی ساختہ ہیمارس میزائل سسٹم کو مشرقی یوکرین کے کراماتورسک علاقے میں تباہ کر دیا گیا جو مبینہ طور پر کیف کی طرف سے پیر کے روز ڈونیٹسک کے علاقے پر میزائل حملے کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔
روس کے اعلان کے مطابق، اس کے فضائی دفاعی سسٹم نے 13 یوکرینی ڈرون طیاروں کو بھی تباہ کر دیا اور نو ہیمارس میزائلوں کو انٹرسپٹ کر دیا۔







