ایرانی جوہری معاہدہ بحال نہ ہوا تو اسلحے کی دوڑ میں شدت آ جائیگی، سرگئی لاؤروف
شیعیت نیوز: روسی وزیر خارجہ سرگئے لاؤروف نے اپنے ایک انٹرویو میں یوکرائنی جنگ کے حوالے سے ایران کے خلاف عائد کئے جانے والے امریکی و یورپی الزامات کو ایک مرتبہ پھر بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔ روسی قومی ٹیلیویژن نیٹورک کے ساتھ گفتگو میں سرگئے لاؤروف کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک انواع و اقسام کی الزام تراشیوں کے باوجود بھی روس کو ایرانی ڈرون طیاروں کی ترسیل سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔ روسی وزیر خارجہ کے مطابق مغربی ممالک نے روس کو ایرانی ڈرون طیاروں کی ترسیل کے حوالے سے سلامتی کونسل میں تو از حد شور شرابا کیا ہے تاہم ان کے پورے غل غپاڑے کی بنیاد ہمیشہ کی طرح اس بار بھی "عین ممکن ہے” پر استوار ہے لہذا وہ کسی قسم کا ثبوت فراہم کر سکتے ہیں اور نہ ہی ان کی بات حقیقت پر مبنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جارح سعودی فوجی اتحاد کی بہیمانہ گولہ باری سے ایک سال میں تین ہزار یمنی شہید
سرگئے لاؤروف نے اپنی گفتگو کے دوران ایران پر عائد غیرقانونی پابندیوں کی جانب بھی اشارہ کیا اور ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کی عدم بحالی پر عالمی برادری کو سخت متنبہ کیا۔ اس موقع پر روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی ہنوز ناقابل واپسی نقطے تک نہیں پہنچی۔ اپنی گفتگو کے آخر میں سرگئے لاؤروف نے ایرانی جوہری معاہدے کی عدم بحالی پر متنبہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ اس معاہدے کے متبادل کی تلاش، تناؤ میں اضافے اور اسلحے کی دوڑ میں شدت کا باعث بنے گی۔







